حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، آیت اللہ علی رضا اعرافی نے "بشر دوست مبلغین" کے عنوان سے مدرسہ علمیہ امام خمینی (رح) قم کے کانفرنس ہال میں منعقدہ ایک کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا: کرونا کے زمانے میں 10 ہزار طلبہ و طالبات نے لوگوں کی خدمت میں مصروف فورسز کا بھرپور ساتھ دیا۔
انہوں نے مزید کہا: اس زمانے میں بہت خوبصورت مناظر دیکھنے کو ملے اور ملت ایران نے ثابت کیا کہ اسے جب بھی کسی مشکل کا سامنا ہو تو وہ میدان میں آ کر اس مشکل کا مقابلہ کرتی ہے۔
سربراہ حوزہ علمیہ قم نے کہا: انقلاب اسلامی کی تاریخ گواہ ہے کہ انقلاب اسلامی کی کامیابی اور مسلط کردہ جنگ میں لوگوں نے بھرپور کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا: علماء کا لباس لوگوں کی خدمت کی علامت کے طور پر جانا جاتا ہے اور علماء نے کسی زمانے میں اپنے آپ کو لوگوں سے جدا نہیں سمجھا اور نہ آئندہ سمجھیں گے۔
آیت اللہ اعرافی نے مزید کہا: لوگوں کی خدمت بہت عظیم کام ہے اور اسلام اس کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
شہر قم کے امام جمعہ نے کہا: انتہائی سخت حالات میں لوگوں کی خدمت کی قدر و قیمت بھی بہت زیادہ ہے اور اس راستے میں مشکلات کو برداشت کرنا اس خدمت کی قدروقیمت کو مزید بڑھا دیتا ہے۔
آیت اللہ اعرافی نے کہا: سب سے بڑی خدمت لوگوں کی ہدایت اور رہنمائی کرنا ہے۔ لوگوں کی خدمت کرنے میں کوئی کمی نہیں چھوڑنی چاہیے لیکن اس خدمت کو ناچیز سمجھتے ہوئے تاحدالامکان لوگوں کی خدمت میں کوشاں رہنا چاہئے۔