حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین سید ابراہیم رئیسی نے آج علی الصبح جنوبی خراسان کے سفر کا آغاز کیا تھا اور اس موقع پر انہوں نے ایرانی جنوبی خراسان کے شہر بیرجند میں اربعین حسینی علیہ السّلام کی عزاداری اور مارچ میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق، اربعین مارچ کا آغاز امام زادگان باقریہ بیرجند سے ہوا جس میں ایرانی صدر نے شرکت کی اور عزاداروں سے خطاب بھی کیا۔
انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حسین ابن علی علیہما السّلام کے مبارک خون کل بھی انقلاب کا باعث تھا اور آج بھی انقلاب کا باعث ہے۔ ہمارے شہداء نے بھی حسین علیہ السّلام کے انقلاب سے الہام لیتے ہوئے اپنے پاک خون سے ماڈرن جہالت کو رسوا کیا اور آئندہ بھی رسوا کرتے رہیں گے۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ آج ہم اس عظیم اجتماع میں شریک ہو کر یہ کہنا چاہتے ہیں کہ کربلا میں فرزند علی و فاطمه سلام اللہ علیہم کی مدد کیلئے حاضر نہیں تھے تو آج ہم لبیک یا حسین علیہ السّلام کی صدائیں بلند کر کے حسین علیہ السّلام کی فریاد ھل من ناصر ینصرنا کا جواب دے رہے ہیں۔
حجت الاسلام والمسلمین سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ دشمن عاشورا کے دن ہی امام حسین علیہ السّلام کے نام اور یاد کو ختم کرنا چاہتا تھا لیکن یہ خداوند عالم کا ارادہ تھا کہ حضرت زینب سلام اللہ علیہا اور امام زین العابدین علیہ السّلام کی زبان مبارک سے رہتی دنیا اور آنے والی نسلوں تک حسین علیہ السّلام کے پیغام کو پہنچا دیا۔