حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدر مملکت ایران نے کہا کہ ایرانی قوم ماضی کی طرح دشمن کی نئی سازش کو ناکام بنائے گی، ایران اقتصادی، سماجی اور ثقافتی میدانوں میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین سید ابراہیم رئیسی نے بدھ کی شام مشرقی ایران میں واقع جنوبی خراسان صوبے کے دورے کے دوران اس صوبے کے مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کی، انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کے دشمنوں نے انقلاب کی کامیابی کے آغاز سے ہی اسلامی جمہوریہ ایران کی ترقی کو روکنے کے لیے ہر قسم کی رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی۔
صدر مملکت ایران نے کہا کہ جب دشمن نے دیکھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہر قسم کی رکاوٹوں کے باوجود دیگر اقوام کے لیے رول ماڈل بن گیا ہے اور دباؤ اور پابندیوں کو مواقع میں بدل دیا ہے تو دشمن نے اب بدامنی اور انتشار پھیلانے کا راستہ اپنایا ہے۔
حجۃ الاسلام سید ابراہیم رئیسی کہتے ہیں کہ اس وقت جنگ ارادوں کی ہے، اس لیے دشمن میڈیا کے ذریعے ہم پر اپنی مرضی مسلط کرنا چاہتا ہے، انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم نے ماضی میں جس طرح دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے، اسی طرح وہ اس سازش کو بھی ناکام بنائے گی۔