۹ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 28, 2024
ایرانی وزیر خارجہ کا سعودی عرب کا دورہ

حوزہ / ایران کے وزیر خارجہ "حسین امیر عبداللہیان" ان دنوں سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ "حسین امیر عبداللہیان" اپنے ایک سرکاری دورے پر گذشتہ روز سعودی عرب پہنچے۔ حسین امیر عبداللہیان کا یہ دورہ، سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کی دعوت کے بعد عمل میں آیا۔

ایران کے فارن منسٹر نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کے ساتھ ساڑھے تین گھنٹے تک ہونے والی ملاقات انتہائی نتیجہ خیز رہی۔ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دو طرفہ تعلقات اور تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا: دونوں وزراء خارجہ کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں بین الاقوامی، علاقائی اور اسلامی دنیا میں تبدیل ہوتے منظر نامے پر سیر حاصل گفتگو بھی کی گئی۔

قابل ذکر ہے کہ اس ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے سفارتی رہنماوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی اور آپس میں ہونے والی مشاورت کے بارے میں صحافیوں کو آگاہ کیا اور سعودی وزیر خارجہ نے اس دوران ایران کے صدر محترم آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کو دورۂ ریاض کی بھی دعوت دی۔

حسین امیر عبداللہیان نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے تعلقات کو ترقی کی جانب گامزن قرار دیا۔ انہوں نے سعودی بادشاہ کی جانب سے ایران کے صدر کے دورہ ریاض کی دعوت قبول کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سفر اپنے شیڈول کے مطابق انجام پائے گا۔

مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران فیصل بن فرحان نے ایران و سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کا ذکر کیا۔

یاد رہے کہ رواں برس 10 مارچ کو چین کی ثالثی اور کوششوں سے بیجنگ میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کی از سر نو بحالی کا ایک معاہدہ طے پایا تھا۔ جس کی رو سے دونوں ممالک کے سفارتی عملوں نے جون سے ریاض اور تہران سمیت مختلف شہروں میں اپنی سرگرمیاں شروع کر دی تھیں۔

ایرانی وزیر خارجہ کا سعودی عرب کا دورہ / ہم منصب سے بین الاقوامی، علاقائی اور اسلامی دنیا کے امور پر گفتگو

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .