حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولوی عبد الرحمن خدائی نے حوزہ نیوز ایجنسی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا: آج تمام اسلامی ممالک بالخصوص فلسطین، یمن اور دنیا کے دیگر مظلوموں کی نگاہیں ایران کی جانب ہیں، کیونکہ انقلاب اسلامی نے ثابت کیا ہے کہ وہ ہمیشہ دنیا کے مظلوموں اور مستضعفین کا حامی و مددگار ہے۔
شہر بانہ کے امام جمعہ نے کہا: ان دنوں جب کہ ہم صیہونیوں کی طرف سے فلسطین اور غزہ کے عوام کے خلاف بدترین جرائم کا مشاہدہ کر رہے ہیں، واحد ملک جو ہمیشہ فلسطینی قوم کا حقیقی حامی رہا ہے، اسلامی جمہوریہ ایران ہے۔
انہوں نے کہا: غزہ پر غاصب صیہونی حکومت صرف مزاحمتی تحریکوں کو تباہ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی، بلکہ صیہونیوں کا اصل ہدف یہ ہے کہ عالم اسلام اور خطے کا ایک نیا نقشہ کھینچنا جائے ۔
مولوی عبد الرحمن خدائی نے کہا: جب کہ یہ سب جانتے ہیں کہ اسرائیلی کا مقصد کیا ہے، اس کے با وجود عرب اور اسلامی ممالک خاموش ہیں اور کوئی جرات نہیں کر رہا ہے کہ اپنی خاموشی کو توڑ دے، ان کی اسی خاموشی اور بے حسی کی وجہ سے ہی صہیونیوں میں یہ ہمت پیدا ہوئی ہے۔
مولوی خدائی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ صیہونی کسی قاعدہ اور قانون کی پابندی نہیں کرتے، کہا: صیہونیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ انہوں نے اپنے مذموم عزائم اور منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے بین الاقوامی قوانین اور اعتراضات پر کبھی توجہ نہیں دی، اس لیے عالم اسلام کو غاصب اسرائیل کے خلاف مناسب حل اختیار کرنا چاہیے اور اس بے حسی کی حالت سے باہر نکلنا چاہیے۔ اسرائیل کو تباہ کرنے کا واحد راستہ مسلمانوں کا اتحاد ہے۔