حوزہ نیوز ایجنسی ک رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس کی نئی قرارداد کی بنیاد پر غزہ کو انسانی امداد کی فراہمی، بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہ سکے گی۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی کا کہنا ہے کہ غزہ میں انسانی امداد بھیجنے سے متعلق سلامتی کونسل کی قرارداد ایک مثبت قدم ہے لیکن یہ کافی نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ غزہ کو فوری امداد بھیجنے پر مبنی قرارداد نمبر 2720 کافی نہیں ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا: انتہائی افسوس کی بات ہے کہ 77 دن گزر جانے کے باوجود امریکی حکومت ناجائز صیہونی حکومت کی طرف سے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو روکنے کے لیے اقوام متحدہ کی قرارداد کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے، حملوں کے سائے میں غزہ کے لوگوں کی مدد عملی طور پر ممکن نہیں ہے۔
کنعانی نے کہا کہ اس قرارداد کی منظوری سے لیگ آف نیشنز کی ذمہ داری کم نہیں ہوگی، انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف جاری حملوں کا اصل ذمہ دار امریکہ ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے جمعے کے روز اعلان کیا تھا کہ غزہ کے لیے امداد میں اضافے پر مبنی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کر لی گئی ہے تاہم اس میں غزہ میں جنگ بندی کا کوئی ذکر نہیں ہے۔
اقوام متحدہ کی یہ قرارداد صرف یہ مطالبہ کرتی ہے کہ متحارب فریقین کو فوری طور پر امدام کے رسائی کو یقینی بنانا چاہیے تاکہ غزہ تک بڑے پیمانے پر انسانی امداد پہنچائی جا سکے۔