جمعرات 6 فروری 2025 - 19:14
اتنے طاقتور بنو کہ دشمن تم خود سے خوفزدہ ہو: آیت اللہ العظمی جوادی آملی

حوزہ/ آیت اللہ العظمی جوادی آملی نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں حکم دیا ہے کہ اتنے طاقتور بنو کہ دشمن تم پر حملہ کرنے کی جرأت نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ "دشمن کو تم میں عظمت اور مردانگی نظر آنی چاہیے تاکہ وہ حملہ کرنے سے باز رہے، نہ کہ تم دشمن پر حملہ کرو!

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمی جوادی آملی نے ایران کے نائب صدر اور ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ، محمد اسلامی سے ملاقات کے دوران کہا: اللہ تعالیٰ نے ہمیں حکم دیا ہے کہ اتنے طاقتور بنو کہ دشمن تم پر حملہ کرنے کی جرأت نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ "دشمن کو تم میں عظمت اور مردانگی نظر آنی چاہیے تاکہ وہ حملہ کرنے سے باز رہے، نہ کہ تم دشمن پر حملہ کرو!

آیت اللہ العظمی جوادی آملی نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں اپنے حقیقی دوست اور دشمن کی پہچان ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا: "ہمارا دشمن صرف امریکہ اور اس جیسے ممالک نہیں ہیں، بلکہ امریکہ کی کوئی اصالت ہی نہیں۔ اگر ہم اندر سے مضبوط ہوں، نفس پرستی، خودغرضی، کرپشن اور ناجائز مراعات جیسے مسائل سے بچیں، تو پھر امریکہ اور اس کے حواری کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔"

انہوں نے مزید کہا: "ہمارا سب سے بڑا دشمن ہمارا اپنا نفس ہے، جیسا کہ حدیث میں آیا ہے کہ 'تمہارا سب سے بڑا دشمن تمہارا اپنا نفس ہے جو تمہارے اندر موجود ہے'۔ ہمیں علم حاصل کرنا، دیانتدار ہونا، اور راہِ حق پر چلنا سکھایا گیا ہے تاکہ ہم صحیح اور غلط میں تمیز کرسکیں۔"

انہوں نے ایرانی عوام کی عظمت کا ذکر کرتے ہوئے کہا: ہم ایک عظیم قوم ہیں، نہ صرف حوزوی یا یونیورسٹی والے، بلکہ پوری ایرانی قوم مہذب اور باوقار ہے۔ اگر آپ پورے امریکہ میں گھومیں تو کوئی تاریخی ورثہ نہیں ملے گا، لیکن ایران میں ہر جگہ تاریخی اور ثقافتی آثار نظر آئیں گے۔ ہمیں اپنی اقدار اور ورثے کی حفاظت کرنی چاہیے۔

انہوں نے اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام صرف واجبات اور محرمات پر ہی زور نہیں دیتا، بلکہ دیگر اہم ہدایات بھی فراہم کرتا ہے۔ امام علی علیہ السلام کی ایک حدیث کا ذکر کرتے ہوئے کہا: "جس ملک کے پاس پانی اور زمین ہو، پھر بھی وہ دوسروں کا محتاج رہے، اللہ اسے اپنی رحمت سے دور کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران، جو توانائی کے بنیادی وسائل، جیسے جوہری توانائی، تیل، گیس اور بہترین سائنسی و تکنیکی صلاحیتوں کا مالک ہے، اسے خودکفیل ہونا چاہیے اور کسی کا محتاج نہیں ہونا چاہیے۔

آیت اللہ جوادی آملی نے کہا کہ مسلمانوں کو کمزور اور محکوم نہیں بلکہ آزاد اور طاقتور ہونا چاہیے۔ انہوں نے حضرت علی علیہ السلام کے قول کو نقل کرتے ہوئے فرمایا: "جو پتھر تمہاری طرف پھینکا جائے، اسے وہیں واپس کرو!" یعنی کسی بھی قوم کو کمزور، ذلیل اور تابع نہیں ہونا چاہیے بلکہ اسے اتنا مضبوط ہونا چاہیے کہ دشمن اس سے خوفزدہ ہو۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha