۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
علی عباسی

حوزہ/حجۃ الاسلام و المسلمین عباسی نے جامعۃ المصطفی کے اہداف کو مختلف مذاہب اسلامی کے مابین تقریب اور ادیان الہی کے پیروکاروں کے مابین باہمی وحدت قرار دیا اور کہا کہ جامعۃ المصطفی کے اندرونی و بیرونی شعبہ جات میں زیر تعلیم اہل سنت اور دوسرے مذاہب آسمانی کے طلباء اس بات کی واضح مثال ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجۃ الاسلام و المسلمین عباسی نے جامعۃ المصطفی کے مرکزی دفتر میں جنوبی کامرون کی ریاست برٹوا کے میئر محمد جعفر سے ملاقات کے دوران کہا کہ جامعۃ المصطفی بین الاقوامی یونیورسٹیوں کی انجمنوں کی رکن اور سربراہان میں شامل ہے اور اس درسگاہ کا دروازہ،علوم اسلامی حاصل کرنے کے خواہشمند حضرات کے لئے کھلا ہے اور آج دنیا کے گوشہ و کنار سے طلباء اس درسگاہ میں زیر تعلیم ہیں۔

انہوں نے جامعۃ المصطفی کے اہداف کو مختلف مذاہب اسلامی کے مابین تقریب اور ادیان الہی کے پیروکاروں کے مابین باہمی وحدت قرار دیا اور کہا کہ جامعۃ المصطفی کے اندرونی و بیرونی شعبہ جات میں زیر تعلیم اہل سنت اور دوسرے مذاہب آسمانی کے طلباء اس بات کی واضح مثال ہیں۔

جامعۃ المصطفی کے سربراہ نے جامعۃ المصطفی کی تمام سرگرمیوں کو علمی اور تحقیقی سرگرمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جامعۃ المصطفی کے اہداف و مقاصد میں سے ایک علمی اور یونیورسٹی سطح پر اخراجات کو اپنی مدد آپ کے تحت پورا کرنا ہے۔اس حوالے سے جامعۂ ہذا کے مختلف شعبوں میں اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور ان تجربات سے کامرون میں بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

حجۃ الاسلام و المسلمین عباسی نے محمد جعفر کی کامرون میں جامعۃ المصطفی کی علمی سرگرمیوں کی حمایت کرنے کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آپ کی حمایت سے کامرون میں جامعۃ المصطفی کی علمی پیشرفت ہو گی۔

اس موقع پر کامرون کی جنوبی ریاست کے میئر محمد جعفر نے ایران اور کامرون کے دوطرفہ تعلقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے بتایا کہ جامعۃ المصطفیٰ کئی دہائیوں سے کامرون میں علمی سرگرمیاں اور گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے جو کہ قابل تحسین ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .