حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ماہ مبارک وہ بابرکت و با فضیلت مہینہ ہے کہ جس کے شب و روز انسانی تربیت کے لئے موزوں ترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔ اس ماہ مبارک میں اگرچہ قریہ قریہ افطار و ضیافت کے پرہجوم مناظر تو دیکھنے کو ملتے ہیں تاہم انسانی تربیت کے لئے حقیقی اہتمام خال خال ہی دکھائی دیتا ہے ایسے میں دینی مدارس کی یہ کلیدی ذمہ داری ہے کہ وہ اس انسان ساز مہینے کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کرنے اور تعلیمات قرآن و اہلبیت کی روشنی میں اس کی بابرکت ساعتوں میں پوشیدہ روحانی اسرار سے عامتہ الناس کو آگاہ کرنے کے لئے خصوصی اہتمام کریں، پس اسی مقصد وحید کے پیش نظر وطن عزیز کی مایہ ناز دینی درسگاہ جامعہ الکوثر میں دو روزہ تربیتی ورکشاپ برائے مبلغین عظام کا اہتمام کیا گیا۔
تصاویر دیکھیں:
جامعۃ الکوثر اسلام آباد پاکستان میں استقبال ماہ صیام کے موضوع پر دو روزہ ورکشاپ کا انعقاد
تفصیلات کے مطابق، یہ ورکشاپ 18 اور 19 مارچ بروز ہفتہ و اتوار ہوا اور اس منعقدہ ورکشاپ کے پہلے دن علامہ شیخ محمد شفاء نجفی نے تبلیغ دین میں مبلغ کے ذاتی کردار کے اثرات جیسے اہم موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی، جبکہ علامہ شیخ انور علی نجفی نے تبلیغ دین میں جدید وسائل ابلاغ کا استعمال کے موضوع پر دور حاضر کے تقاضوں کی روشنی میں نہایت معلومات افزاء درس دیا۔
دو روزہ ورکشاپ میں علامہ شیخ انتصار حیدر جعفری نے منبر سے عقائد کا بیان اور حقیقت کا اظہار مگر سلیقے کے ساتھ جیسے اہم اور مفید موضوعات پر خطاب کیا۔
مذکورہ ورکشاپ میں مولانا اشرف حسین اخونزادہ کا موضوع سخن تبلیغ دین میں سماجی نفسیات تھا جسے شرکاء نے نہایت توجہ اور انہماک سے ملاحظہ کیا۔
واضح رہے کہ تربیتی ورکشاپ میں اہم موضوعات پر قابل قدر اور نہایت معلومات افزاء لیکچرز کا یہ سلسلہ کل بھی جاری رہے گا۔