۲۳ آذر ۱۴۰۳ |۱۱ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 13, 2024
علامہ عارف حسین واحدی / ایرانی صدر کی شہادت پر تعزیتی پیغام

حوزہ / شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدرعلامہ عارف حسین واحدی نے جمہوریہ اسلامی ایران کے صدر عالم اسلام کے عظیم ہیرو انتھک مجاہد آیت اللہ ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور ان کے مخلص و باوفا ساتھیوں کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدرعلامہ عارف حسین واحدی نے جمہوریہ اسلامی ایران کے صدر عالم اسلام کے عظیم ہیرو انتھک مجاہد آیت اللہ ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور ان کے مخلص و باوفا ساتھیوں کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے رہبر معظم انقلاب آیت اللہ سید علی خامنہ ای، ایرانی غیور ملت اور سوگوار خانوادوں کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا: اس کٹھن دور میں جب سید ابراہیم رئیسی جیسے نڈر لیڈر کی شدید ضرورت تھی اس موقع پہ ان کی شہادت نہ صرف ایرانی قوم بلکہ فلسطین، غزہ و رفح سمیت دنیا بھر کے مظلوموں کے لئے بہت بڑا صدمہ ہے لیکن عظیم قومیں وہی ہوتی ہیں جو ان مشکل مراحل کو بخوبی طے کرتی ہیں۔ ان شاء اللہ ایرانی قوم بھی رہبر معظم انقلاب کی قیادت میں اس مشکل سے نکلے گی۔ مزاحمتی تحریکیں مزید مضبوط اور سامراج نابودی کی طرف جائے گا۔

علامہ عارف واحدی کا پاک ایران دوستی کے حوالے سے کہنا تھا کہ شہید سید ابراہیم رئیسی کے مشکل حالات میں دورہ پاکستان نے محبت و اخوت، بھائی چارگی و ہمسائیگی کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ سید ابراہیم رئیسی کی ان انتھک کاوشوں کے باعث پاک ایران دوستی مزید مضبوط ہوگی۔

مرکزی نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ شہید ایرانی صدر کی اسلامو فوبیا کے لئے کی گئی کاوشیں انتہائی قابل قدر ہیں اقوام متحدہ میں قرآن کریم اور اسلامی کاز کا انتہائی جرات و بہادری سے دفاع کیا اوراتحاد و وحدت کی مضبوط بنیادیں رکھیں۔ ان شاءاللہ ان کی کوششوں و کاوشوں کی بدولت امت اسلامیہ مزید مضبوط ہوگی۔

علامہ واحدی نے شہید رئیسی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید نے اپنے دور حکومت میں اس وقت اسرائیل کو دندان شکن جواب دیا جب مسلم ممالک غاصب صیہونی ریاست کے سامنے سر اٹھانے کی جرات نہیں کر رہے تھے سید ابراہیم رئیسی نے شجاعانہ اقدامات کرتے ہوئے غاصب اور بزدل حکومت کے منہ پر ظمانچہ رسید کیا۔

علامہ عارف حسین واحدی کی جانب سے جاری تعزیت نامہ کا مکمل متن اس طرح ہے:

انا للہ و انا الیہ راجعون

مِنَ الْمُؤْمِنِینَ رِجالٌ صَدَقُوا ما عاهَدُوا اللّهَ عَلَیْهِ فَمِنْهُمْ مَنْ قَضى نَحْبَهُ وَ مِنْهُمْ مَنْ یَنْتَظِرُ وَ ما بَدَّلُوا تَبْدِیلاً

آج عالم اسلام کے عظیم ہیرو، محافظ اسلام و قرآن امت اسلامیہ کو اپنے بابرکت وجود سے محروم کر گئے دنیائے علم و ادب و سیاست کا عظیم شاہکار اس جہان فانی سے رخصت ہوا۔

ایرانی صدر کا دار بقا کی طرف کوچ کر جانا ایک ناقابل برداشت غم ہے کہ جس میں پورا پاکستان و ایران سمیت پورا عالم اسلام سوگوار ہے.

ہم صدر مرحوم اور ان کے ساتھیوں کے اہل خانہ، ایرانی عوام، رہبر معظم انقلاب، مراجع عظام خصوصا حضرت ولی عصر عج کی خدمت میں تعزیت و تسلیت عرض کرتے ہیں اور ان کی مغفرت اور بلندی درجات کیلئے دعاگو ہیں ۔

عارف حسین واحدی

11 ذی القعدہ 1445ه ق

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .