حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسد عاشوراء کی مناسبت سے گمبہ سکردو بلتستان میں ایک عظیم الشان جلوس برآمد ہوا، جس میں ہزاروں مؤمنین نے شرکت کر کے سید الشہداء امام حسینؑ اور ان کے باوفا اصحاب کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر، آئی ایس او گمبہ سکردو کے زیرِ اہتمام مالک اشتر چوک پر ایک عظیم الشان مجلسِ عزاء منعقد ہوئی، جس سے علامہ ڈاکٹر محمد یعقوب بشوی نے خطاب کیا۔
علامہ ڈاکٹر محمد یعقوب بشوی نے حالاتِ حاضرہ پر پرمغز خطاب کرتے ہوئے کہا آج زمین پر فساد پھیلانے والے منحوس اور مکروہ چہروں کو پڑھنے اور سمجھنے کی ضرورت ہے۔ قرآنِ مجید نے سورۂ مبارکۂ اسرا میں آج کے حالات کا نقشہ پیش کیا ہے: یہودی دو مرتبہ زمین پر فساد پھیلائیں گے اور یہ فساد اصل میں برتری طلبی اور تکبر کی وجہ سے ہوگا لتفسدن فی الارض مرتین. پھر قرآن ان کے ارادوں سے پردہ اٹھاتا ہے: ولتعلن علوا کبیرا. اس سرکش فسادی گروہ کا راستہ کچھ خدائی لشکر روکیں گے جو آج مقاومتی بلاک کی شکل میں رہبر معظم انقلاب کی قیادت میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں غاصب اسرائیل کو فلسطین میں شکست ہوگی پھر کچھ مہلت یہودیوں کو ملے گی، لیکن تاریخ سے عبرت سیکھنے کے بجائے وہ لوگ دوبارہ دنیا میں سرکشی کریں گے اور فساد پھیلائیں گے۔ آج اسرائیلی اخبار کے مطابق، صرف ایک ماہ کے اندر ایک ہزار فلسطینی بچے شہید ہوچکے ہیں۔
ڈاکٹر یعقوب بشوی نے اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی امام سید علی حسینی خامنہ ای کی قیادت میں شیطان بزرگ امریکہ اور غاصب اسرائیل کی ناک میں دم کر رکھا ہے۔ آج بھی یہ عزادار اور پوری قوم رہبر کے سپاہی ہیں جو ان کے ایک اشارے پر میدان میں حاضر ہوں گے۔
انہوں نے گلگت بلتستان کے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے قدرتی وسائل پر قبضے کی باتیں زیر گردش ہیں؛ یہ وسائل ہمارے ہیں، ہم اس کے مالک ہیں، ہم کسی کو ناجائز قبضے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اگر تمہیں یہاں کے عوام سے محبت ہے تو ایک معدنی یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کرو!
انہوں نے مزید کہا کہ ستر سال تک قومی دولت لوٹنے والوں کو شرم آنی چاہیے؛ تمہارے ستر سال کے کاموں کو اگر ہمیں حکومت ملے تو ہم ایک ماہ میں کرکے دکھائیں گے۔
ڈاکٹر یعقوب بشوی نے کہا کہ عالمی سازشیں عروج پر ہیں، لیکن یہ بیدار اور بابصیرت قوم رہبرِ انقلابِ اسلامی کی بابصیرت قیادت میں سب کو ناکام بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مجالسِ عزاء سے ہمیں زمانے کے حر کو پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ عوام علمائے حق کی قیادت میں متحد ہو جائیں تو ہم غدیری نظام نافذ کر سکتے ہیں، جہاں عوامی مفادات کے مطابق قوانین ہوں گے۔









آپ کا تبصرہ