پیر 1 ستمبر 2025 - 10:27
جامعہ زینبیہ و زینبیہ انٹر کالج کا علمی و تربیتی سفر؛ مختصر تعارف

حوزہ/ جامعہ زینبیہ تسر شگر بلتستان محض ایک رسمی دینی و عصری درسگاہ نہیں، بلکہ یہاں طلبہ و طالبات کی علمی، فکری اور عملی تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی مہارتوں کو اجاگر کرنے کے لیے بھی گوناگوں سرگرمیاں منعقد کی جاتی ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی| تعلیم، تربیت اور شعور و آگاہی ہی کسی قوم یا مکتب کی ترقی کا اصل معیار ہے؛ اسی احساس کے تحت تسر شگر بلتستان (پاکستان) کے علمائے کرام نے اپنے شرعی اور اخلاقی فریضے کی ادائیگی کے لیے ایک مشکل مگر بابرکت علمی و تربیتی سفر کا آغاز کیا۔ مالی وسائل کی کمی کے باوجود علماء نے رضاکارانہ طور پر یہ بوجھ اپنے کندھوں پر اٹھایا اور ساتھ ہی تبلیغِ دین کے لیے ایک سال کا وقت خلوصِ نیت کے ساتھ وقف کیا۔

بنیاد اور علمی و فکری سرگرمیاں

تسر کے غیور جوانوں اور ذمہ دار افراد نے بھی دین کی خدمت کے جذبے سے سر شار ہوکر ایک نئی عمارت بلا معاوضہ علماء کے حوالے کی۔ اللہ پر توکل اور اعلیٰ نصب العین کے ساتھ 2017ء میں حجت الاسلام شیخ احمد سعیدی نے اس بابرکت تعلیمی و تربیتی سفر کا آغاز کیا۔

دینی تربیت کے ساتھ ساتھ مروجہ اور عصری علوم کی سہولت کے لیے بھی خدمتِ خلق کے جذبے سے سر شار اساتذہ نے اپنی خدمات پیش کیں۔ علماء و اساتذہ کی یہ ہم فکر ٹیم باہمی مشاورت، ایثار اور مسلسل محنت کے نتیجے میں شہر سے دور ایک پسماندہ علاقے میں ایک مثالی مرکز قائم کرنے میں کامیاب ہوئی۔ علماء و اساتذہ کی یہ ہم آہنگی اور ہمدلی یقیناً ایک نادر نمونہ ہے۔

گزشتہ نو سال کے دوران مشکلات اور نشیب و فراز کا سامنا رہا، لیکن یہ کارواں جامعہ کے اساتذہ، طالبات اور بعض معلمین کی ذاتی محنت سے جاری و ساری رہا۔

آج جامعہ زینبیہ تسر شگر تمام تر وسائل کی کمی اور مشکلات کے باوجود، علماء، اساتذہ، والدین، طلبہ اور عوام کے باہمی تعاون سے ایک مثالی تربیتی مرکز کی حیثیت اختیار کر چکا ہے اور علاقے کی پہچان بن گیا ہے۔

جامعہ زینبیہ محض ایک رسمی دینی و عصری درسگاہ نہیں، بلکہ یہاں طلبہ و طالبات کی علمی، فکری اور عملی تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی مہارتوں کو اجاگر کرنے کے لیے بھی گوناگوں سرگرمیاں منعقد کی جاتی ہیں؛ ان مہارتوں اور سرگرمیوں میں مندرجہ ذیل چیزیں شامل ہیں:

کمپیوٹر سنٹر

سلائی و دستکاری مرکز

مضمون نویسی و فنِ تحریر کا مقابلہ

کتاب خانہ

مطالعہ کا خصوصی پروگرام

دینی مناسبتوں پر بامقصد تربیتی مقابلے اور انعامات

کیرئیر کونسلنگ

مختلف شعبہ ہائے زندگی کی کامیاب شخصیات کے لیکچرز

یہ سب سرگرمیاں جامعہ زینبیہ کے تعلیمی و تربیتی سفر کو مزید نکھار رہی ہیں۔

مزید برآں، پہلی بار تسر میں خواتین و طالبات کے لیے حضرت زہراء سلام اللہ علیہا کے مقدس نام سے "مسجد و امام بارگاہ حضرت فاطمۃ الزہراءؑ" کی از سر نو تعمیر کی گئی، جو صرف خواتین کے لیے مخصوص ہے۔ اس مرکز میں ایک سال کے دوران معارف اسلامی کورس (دو سمسٹرز پر مشتمل) منعقد کیا گیا جو نہایت کامیاب رہا اور طالبات کی شرکت حوصلہ افزا تھی۔ ان شاء اللہ مستقبل میں مسجد الزہراء خواتین کی دینی و اخلاقی تربیت کا ایک مثالی مرکز ثابت ہوگی، جہاں قوم کی بیٹیاں اسلامی تعلیمات اور اخلاقِ فاطمی سے مزین ہوں گی۔

آخر میں ہم تمام علماء، اساتذہ، مخیر حضرات اور تسر کے جوانوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ایک مثالی مرکز قائم کیا جو قوم کی بیٹیوں کے ایمان، حجاب اور روشن مستقبل کا محافظ ہے۔

دعا ہے کہ علم، شعور، آگاہی اور ترقی کا یہ سفر الٰہی برکتوں کے ساتھ ہمیشہ جاری و ساری رہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha