۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
آیۃ اللہ سید ابوالحسن نقوی لکھنوی 

حوزہ/ پیشکش: دانشنامہ اسلام، انٹرنیشنل نورمائکروفلم سینٹر دہلی کاوش: مولانا سید غافر رضوی چھولسی و مولانا سید رضی زیدی پھندیڑوی

حوزہ نیوز ایجنسی | آیت اللہ سید ابوالحسن نقوی  28 صفر 1299 ہجری میں سر زمین ممبئی پر پیدا ہوئے۔ آپ کے والد محترم  شمس العلماء آیۃ اللہ سید محمد ابراہیم نقوی صاحب تھے۔ آپ کا لقب ممتاز العلماء تھا   اور  لوگ منن کے نام سے یاد کرتے  تھے۔ آپ اپنے زمانہ کے مسلم الثبوت مجتہد تھے۔

1305 ہجری میں مولانا ابوالحسن صاحب سات سال کی عمر  میں اپنے والد محترم کے ساتھ پہلی بار زیارت عتبات عالیات سے مشرف ہوئے ۔  

منن صاحب بَلا کےذہین اور قوی حافظہ کے مالک تھے۔  بہت محنتی اور با اخلاق تھے ۔ ان کی علمی صلاحیت شہرۂ آفاق تھی اور فقہ و اصول میں مہارت  کی شہرت اہل علم  کے طبقہ میں عام تھی۔   

ممتاز العلماء نے لکھنؤ میں  بزرگ اور مجرب اساتذہ کے سامنے زانوئے ادب تہہ کئے جن میں سے  استاذالعلماء سید سبط حسین صاحب،  بحر العلوم علامہ علن اور قدوۃ العلماء آقا حسن صاحب کے اسمائےگرامی قابل ذکر ہیں۔ 

آیۃ اللہ ابوالحسن علمی مدارج کو طے کرنے کی غرض سے سنہ 1327 ہجری میں عازم نجف اشرف ہوئے اور وہاں رہ کر  شیخ الاسلام آیۃ اللہ فتح اللہ اصفہانی، آیۃ اللہ علی گنا آبادی، آیۃ اللہ سید ابوالحسن اصفہانی اور آیۃ اللہ مصطفیٰ کاشف الغطاء  سے کسب فیض کیا۔

ممتاز العلماء نے متعدد علمی آثار  تحریر فرمائے جن میں سے:  التجزی فی الاجتہاد،  البرق الومیز فی منجزات المریض اور حاشیہ کفایۃ الاصول  شرح عمدہ بر علم اصول کے اسماء قابل ذکر ہیں۔  

آپ سنہ 1332 ہجری میں نجف اشرف سے  اپنے وطن لکھنؤ واپس آئے  اور   مدرسہ ناظمیہ و  مدرسۃ الواعظین لکھنؤ  میں  طلاب کو فقہ و اصول کا درس دینے لگے۔ 

آیۃ اللہ سید ابوالحسن نقوی صاحب  نے اپنے بچوں کو زیور علم و ادب سے آراستہ کیا، جن میں سےآیۃ اللہ سید علی نقی نقن صاحب، آیۃ اللہ سید کاظم صاحب ، مولانا سید باقر صاحب ، جناب مرتضی صاحب اور جناب سید عبدالحسین صاحب کے اسماء گرامی قابل ذکر ہیں۔ 

آپ یکم ذی الحجہ سنہ 1355 ہجری  لکھنؤ شہر میں داعی اجل کو لبیک کہتے ہوئے جہانِ فانی سے جہانِ باقی کی جانب کوچ کرگئے اور غسل و کفن کے بعد امام بارگاہ سید تقی کے نزدیک مسجد کے باہر سپرد خاک  کئے گئے۔

ماخوذ از: نجوم الہدایہ، تذکرہ علمائے شیعیان ہند، تالیف: مولانا سید غافر رضوی فلکؔ چھولسی و مولانا سید رضی زیدی پھندیڑوی، ج3،  ص31، دانشنامہ اسلام، انٹرنیشنل نورمیکروفلم دہلی، 2019ء۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .

تبصرے

  • H-Rizvi IN 14:49 - 2020/12/09
    0 0
    ماشاء اللہ بہت عمدہ کاوش ہے۔ جزاکم اللہ خیر الجزاء۔ یہ کام بہت ہی اچھا ہے۔ یہ کام عوام کے لئے بھی مفید ثابت ہوگا اور خواص کے لئے بھی۔ اس کام کے لئے ہم مائکروفلم سینٹر کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں اور خداوند عالم سے دست بہ دعا ہیں کہ پروردگار عالم مولانا سید غافر رضوی فلک چھولسی اور مولانا سید رضی زیدی کی کاوشوں کو قبولیت کا درجہ دے اور انہیں زیادہ سے زیادہ توفیق دے کہ اس کار خیر کو جاری و ساری رکھنے میں ھمہ تن کوشاں رہیں۔ آمین