پیر 21 جولائی 2025 - 18:45
خواتین؛ حضرت امام سجادؑ کے اسوۂ صبر و رضا کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں: محترمہ سیدہ علقمہ بتول

حوزہ/ شہادتِ امام زین العابدینؑ کی مناسبت سے مدرسہ بنت الہدیٰ ہریانہ ہندوستان میں ایک روح پرور مجلسِ عزاء منعقد ہوئی، مجلسِ عزاء سے محترمہ سیدہ علقمہ بتول نے خطاب کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسہ بنت الہدیٰ، ہریانہ ہندوستان کے زیرِ اہتمام امامِ سجادؑ، وارثِ زخمِ کربلا، حضرت امام علی ابن الحسین علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے ایک پُرسوز، سوگواری اور معنویت سے لبریز مجلسِ عزا منعقد ہوئی، جس میں مؤمنات کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور بارگاہِ عصمت میں اشکوں کا نذرانہ پیش کیا۔

خواتین؛ حضرت امام سجادؑ کے اسوۂ صبر و رضا کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں: محترمہ سیدہ علقمہ بتول

روحانی سکوت میں ڈوبی اس مجلسِ عزاء کا آغاز تلاوتِ کلامِ الٰہی سے ہوا، جس کی سعادت طالبہ سیدہ کریمہ بتول نے حاصل کی۔ اس کے بعد مؤثر اور دلگداز مرثیہ خوانی سیدہ بصارت فاطمہ، سیدہ فائزہ بتول اور سیدہ نیلم زہراء نے کی، جن کے درد میں ڈوبے اشعار نے سامعات کے دلوں پر اثر چھوڑا اور مجلس کو غمِ اہل بیتؑ کی فضا سے معمور کر دیا۔

مرکزِ خطاب خطیبۂ اہل بیت، محترمہ سیدہ علقمہ بتول صاحبہ، معلمہ مدرسہ بنت الہدیٰ تھیں، جنہوں نے اپنے پُراثر، مدلل اور ادبی خطاب میں امام سجادؑ کی سیرتِ پاک، دعا و عبادت کی معراج، اور صبر و بندگی کی رفعت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام مؤمنات سے عرض گزار ہوں کہ آئیں! اس عظیم امام کے سجدوں کو یاد کریں، ان کی دعاؤں میں چھپے پیغامات کو سمجھیں اور ان کے اسوۂ صبر و رضا کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔ امامِ سجادؑ ہمیں سکھاتے ہیں کہ ظلم کے سامنے جھکنا نہیں، بلکہ سچائی کا پرچم لے کر، دل کو خدا سے جوڑ کر، ہر مصیبت کو عبادت کا روپ دے دینا ہی حقیقی بندگی ہے۔

خواتین؛ حضرت امام سجادؑ کے اسوۂ صبر و رضا کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں: محترمہ سیدہ علقمہ بتول

مجلس کے اختتام پر مصائبِ امام زین العابدینؑ بیان کیے گئے، جسے سن کر خواتین نے شدتِ غم سے گریہ کیا اور امامِ عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی بارگاہ میں تعزیت عرض کی۔ بعد ازاں پُراثر نوحہ خوانی سیدہ آفریدہ بتول، اسماء فضیلت اور نیلم زہراء نے کی۔

نظامت کے فرائض خوش اسلوبی سے سیدہ مصباح بتول نے انجام دئیے، جنہوں نے مجلس کو خوش نظمی اور وقار کے ساتھ آگے بڑھایا۔

خواتین؛ حضرت امام سجادؑ کے اسوۂ صبر و رضا کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں: محترمہ سیدہ علقمہ بتول

یہ امر قابلِ صد ستائش ہے کہ مدرسہ بنت الہدیٰ کی دیرینہ روایت رہی ہے کہ وہ معصومین علیہم السلام کی ہر شہادت کے موقع پر مجلسِ عزاء کا اہتمام کرتا ہے، تاکہ خواتین نہ صرف سیرتِ اہل بیتؑ سے روشناس ہوں، بلکہ ان کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں بھی شامل کریں۔ یہ مجالس شعورِ دین، روحانیت اور ولایت سے وابستگی کے احیاء کا مؤثر ذریعہ ہیں، جن کے ذریعے نسلِ نو کے قلوب میں محبتِ اہل بیتؑ کا بیج بویا جاتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha