حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یکم جنوری 2023ء کو بمقام امام بارگاہ لنڈی کچئ کوہاٹ پاکستان میں شہید حاج قاسم سلیمانی کی تیسری برسی کے موقع پر عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں کثیر تعداد میں مومنین نے شرکت کی اور علمائے کرام نے شہید حاج قاسم سلیمانی کی زندگی پر مفصل گفتگو کرتے ہوئے شہدائے مقاومت بالخصوص ان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، علمائے کرام میں علامہ خورشید انور جوادی، علامہ محمد بشیر جمارانی، علامہ سید نور آغا بہشتی، علامہ سید مرتضیٰ عابدی، علامہ عناب علی مفکری، علامہ ساجد علی مطہری، مولانا سید ممتاز علی شاہ، مولانا سید ہاشم رضا، مولانا محمد حسین بہشتی، مولانا محمد آشرف قرائتی، مولانا شمیم شیرازی، مولانا ساقی عباس، مولانا مختار علی نجفی، مولانا ہدایت علی مبلغی شامل تھے اور کثیر تعداد میں شہداء کے وارثین بھی موجود تھے۔
علامہ خورشید انور جوادی پرنسپل جامعہ عسکریہ ہنگو نے اپنے خطاب میں شہید قاسم سلیمانی کی مدبرانہ صلاحیتوں پہ روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی نے تدبر سے داعش جیسے بڑے عالمی طاقتوں کے بھیانک چہرے کو ذلت سے دوچار کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد بشیر جمارانی نے کہا کہ شہید قاسم سلمانی، رہبر مسلمین جہاں آیت اللہ امام سید علی خامنہ ای دام عزہ کیلئے مثل مالک اشتر و مثل عباس علمدار تھے، جس نے 14 سو سال بعد بھی بی بی کے حرم کی اینٹوں تک کا دفاع کیا اور شیطان بزرگ امریکہ کے ہاتھوں شہادت پائی۔
پروگرام کے اختتام پر شہداء کے وارثین میں سلیمانی ایوارڈ شیلڈ بھی پیش کئے گئے۔