۱۶ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۶ شوال ۱۴۴۵ | May 5, 2024
شفقت شیرازی

حوزه/ سربراہ مجلسِ علمائے امامیہ پاکستان و سیکرٹری امور خارجہ ایم ڈبلیو ایم حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے یوم شہادت شہید عارف حسین الحسینی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ شہید حسینی کی شہادت کربلائی کرداروں کا تسلسل ہے۔

حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ مجلسِ علمائے امامیہ پاکستان و سیکرٹری امور خارجہ ایم ڈبلیو ایم حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے یوم شہادت شہید عارف حسین الحسینی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ شہید حسینی کی شہادت کربلائی کرداروں کا تسلسل ہے، کیونکہ شہید حسینی نے بھی شہدائے کربلا کی طرح راہ امام حسین علیہ السلام پر سمجھوتہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ وہ اپنے جد امجد سید الشہداء علیہ السلام کی راہ پر چلتے ہوئے یزیدان عصر کے خلاف ایک توانا آواز تھے۔ شہید مظلوم پاکستان میں وحدت بین المسلمین کے علمبردار تھے۔

ڈاکٹر سید شفقت شیرازی نے مزید کہا کہ شہید نے ہمیشہ شیعہ سنی وحدت کیلئے عملی اقدامات کیے۔ وہ پاکستان کو آزاد و خود مختار ملک بنانے کے خواہاں تھے انہوں نے ہمیشہ بیرونی مداخلت کے خلاف آواز بلند کی۔ شہید حسینی ملت تشیع پاکستان کے حقوق کی جنگ لڑتے لڑتے راہ وفا میں داعی اجل کو پیارے ہوگئے۔ انہوں نے پاکستان میں ملت تشیع کے سیاسی تشخص کی نہ فقط بنیاد رکھی، بلکہ سیاسی سوچ و نظریہ بھی دیا۔

ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ نے کہا کہ شہید عارف حسینی کی شہادت سے سرزمین پاکستان میں پیدا ہونے والا خلا آج بھی شدت سے محسوس ہوتا ہے۔ فرزندانِ شہید حسینی آج بھی وہی پرچمِ حریت و ولایت تھامے ان کے مشن کی تکمیل کیلئے قائد وحدت کی قیادت میں سرگرم عمل اور شہید کے سفر کو جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بقول امام راحل امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کہ افکارِ شہید حسینی کو زندہ رکھا جائے، لہٰذا شہید حسینی کے معنوی فرزندان، روز شہادت شہید قائد یہ عہد کرتے ہوئے اعلان کرتے ہیں کہ ہم شہید کے افکار کو زندہ رکھتے ہوئے راہ شہید حسینی پر کاربند رہیں گے اور شہید کی آرزؤں کو پورا کریں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .