حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،بحرین کے شمال مغرب میں واقع شہر ’’الدراز‘‘ میں نماز جمعہ کے بعد درجنوں بحرینیوں نے فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کے حملوں کی مذمت میں مظاہرہ کیا۔
بحرینی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس مظاہرے میں مظاہرین نے حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصر اللہ کو سلام اور شکریہ ادا کیا۔
اطلاعات کے مطابق اس اقدام کی وجہ سید حسن نصر اللہ کی بحرین کے عوام سے اپنے حالیہ خطاب میں بحرین کی حکومت کے یمن اور فلسطین مخالف موقف کو ظاہر نہ کرنے کی تعریف تھی۔
اس مظاہرے کے شرکاء نے بھی یمنی عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اعلان کیا اور آل خلیفہ حکومت کے موقف کی مخالفت پر زور دیا۔
بحرینی مظاہرین نے منامہ سے اسرائیلی حکومت کے سفیر کو نکالنے کا بھی مطالبہ کیا اور " امریکہ مردہ باد، اسرائیل مردہ باد جیسے نعرے لگائے اور غزہ اور یمن کی حمایت کا اعلان کیا۔
اس کے ساتھ ہی وہاں موجود لوگوں نے فلسطین اور بحرین کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور منامہ اور تل ابیب کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے معاہدے کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے گزشتہ ہفتہ ایک خطاب کے دوران کہا تھا کہ امریکہ اور برطانیہ کے نام نہاد اتحاد میں ایک عرب ملک نے حصہ لیا جو کہ بحرین تھا، لیکن بحرین کے عوام نے اس ذلت کو قبول نہیں کیا اور فلسطینی قوم کی حمایت میں سڑکوں پر آگئے، ہم بحرین کے علماء اور عوام کے موقف کی تعریف کرتے ہیں جنہوں نے غزہ کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعلان کیا اور بحرینی حکومت کے ذلت آمیز موقف کو مسترد کیا۔