حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ وحدت مسلمین شعبۂ اصفہان کے زیرِ اہتمام ایامِ فاطمیہ کی مناسبت سے ایک عظیم الشان سیمینار بعنوانِ "مقاومتِ فاطمی؛ مدینہ سے بیت المقدس تک، موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں" نہایت شاندار انداز میں منعقد ہوا؛ سیمینار میں ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے خصوصی شرکت اور خطاب کیا۔
سیمینار کا آغاز قاری احمد حسینی کی روح پرور تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا، جس کے بعد منقبت خواں حضرات نے مدحِ اہلِ بیت علیہم السلام پیش کی، جبکہ سابق مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان برادر عارف علی جانی نے خطاب کرتے ہوئے ملکی و عالمی حالات پر گفتگو کی اور نظامِ ولایت فقیہ سے مضبوط وابستگی کو شرعی و دینی ذمہ داری قرار دیا۔

سیمینار کے مہمانِ خصوصی علامہ سید احمد اقبال رضوی نے سیمینار کے موضوع پر نہایت جامع اور مدلل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام مہدی عجل اللہ فرجہ الشریف کے لیے سیدہ طاہرہ سلام اللہ علیہا کی سیرت کامل نمونہ ہے۔
انہوں نے امام زمانہؑ کا فرمان:«اِنَّ لی فی ابنة رسولِ الله اُسوةٌ حَسَنَةٌ» نقل کرتے ہوئے کہا کہ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بیٹی ہر دور کے امام کے لیے کامل ترین نمونہ ہیں۔ سیدہؑ نے محض اٹھارہ برس کی عمر میں اپنے بابا کے لیے "اُمّ ابیھا" کا مقام پایا جو اس بات کی دلیل ہے کہ وہ رسولِ خدا کی حقیقی محافظ تھیں۔ سیدہؑ نے حضرت علی علیہ السّلام کی ولایت کا جس طرح دفاع کیا، تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سیدہؑ کے استقبال کے لیے اپنے جلال کے ساتھ کھڑے ہوتے تھے اور فرشتے سیدہؑ کے محراب عبادت میں درود پڑھتے تھے۔

علامہ سید احمد اقبال رضوی نے خصوصی طور پر طلاب کو مخاطب کرتے ہوئے سیاسی شعور کی اہمیت واضح کی اور کہا کہ وہ عالم جس کے پاس علم ہو اور سیاسی بصیرت نہ ہو تو وہ معاشرے میں مؤثر کردار ادا نہیں کر سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاست دین سے جدا نہیں، اور ایک طالب علم کے لیے سیاسی فہم وقت کی ضرورت ہے۔









آپ کا تبصرہ