۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کا ملک گیر یکجہتی فلسطین و یوم القدس مہم کا اعلان

حوزہ/ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ حضرت امام خمینیؒ کے فرمان کے مطابق دنیا بھر میں یوم القدس منایا جاتا ہے، یوم القدس ایک ایسا تاریخی موقع ہے کہ جو نہ صرف فلسطینی مظلوم عوام سے مناسبت رکھتا ہے، بلکہ دنیا کی تمام مظلوم اقوام کے حق کی بات کرتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی سرپرست کمیٹی کے اراکین نے کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین تاریخ کے سنگین دور سے گذر رہا ہے، دنیا میں پھیلی کورونا وبا کے باعث جہاں کئی ایک اور مسائل نے جنم لیا ہے، وہاں مسئلہ فلسطین کو بھی پس پشت ڈال دینے کی ہر ممکنہ کوشش کی جا رہی ہے، آج پہلے کی نسبت آج فلسطین کاز کے خلاف اندرونی بیرونی دشمن سرگرم ہو چکے ہیں، امریکا، اسرائیل، ہندوستان اور ان کے دوست پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف عمل ہیں، کشمیر میں مظلوم عوام انصاف کی راہ تک رہے ہیں۔ پریس کانفرنس سے پی ایل ایف کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم، سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، میجر (ر) قمر عباس، مسلم پرویز، مولانا باقر زیدی، علامہ قاضی احمد نورانی، اسرار عباسی، ارشد نقوی، یونس بونیری، پیرزادہ ازہر ہمدانی، مطلوب اعوان، عرم بٹ، بشیر سدوزئی اور سیسیلن جیمز سمیت دیگر نے خطاب کیا۔

پی ایل ایف رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان المبارک میں ہر سال آخری جمعہ کو انقلاب اسلامی ایران کے بانی حضرت امام خمینیؒ کے فرمان کے مطابق دنیا بھر میں یوم القدس منایا جاتا ہے، یوم القدس ایک ایسا تاریخی موقع ہے کہ جو نہ صرف فلسطینی مظلوم عوام سے مناسبت رکھتا ہے، بلکہ دنیا کی تمام مظلوم اقوام کے حق کی بات کرتا ہے، اس عنوان سے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان ملک بھر میں یکجہتی فلسطین اور یوم القدس کی مناسبت سے ملک گیر مہم کا آغاز کر رہی ہے، جس کا عنوان ”اسرائیل سے تعلقات مسلم امہ کے اتحاد کے خلاف سازش“ رکھا گیا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ اس مہم کے تحت ملک بھر میں یکجتی فلسطین کے عنوان سے پروگرام ترتیب دئیے جائیں گے اور  اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے والے عناصر کے خلاف رائے عامہ ہموار کی جائے گی۔

رہنماؤں نے کہا کہ کراچی میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد پانچ مئی کو کیا جائے گا، ملک بھر میں اسرائیل مخالف بینرز بھی آویزاں کئے جائیں گے، کوئٹہ، ملتان، لاہور، اسلام آباد، پشاور، سکھر، فیصل آباد اور مظفر آباد سمیت ملک کے دیگر مقامات پر فلسطین کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں ملک کی معروف سیاسی وسماجی شخصیات شریک ہوں گی۔ رہنماؤں نے مزید بتایا کہ سینیٹرز خواتین و حضرات کا ایک آن لائن ویبنار 25 اپریل کو منعقد کیا جائے گا، جس کی صدارت سینیٹر رحمان ملک کریں گے، رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس کی مناسبت سے مرکزی القدس ریلی کے راستے میں فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے صہیونی مظالم سے متعلق تصویری نمائش کا انعقاد کیا جائے گا۔

فلسطین فاؤنڈیشن کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جمعۃ الوداع یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کیلئے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کو خط ارسال کیا گیا ہے، جس میں مسئلہ فلسطین سے متعلق حالیہ صورتحال اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات بنانے والے ممالک سے متعلق اہم امور کی طرف توجہ دلوائی گئی ہے۔ اس موقع پر رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا ایس او پیز کو فالو کرتے ہوئے یکجہتی فلسطین کے تمام اجتماعات بالخصوص یوم القدس کے اجتماعات میں شریک ہوں۔

رہنماؤں نے میڈیا مالکان اور ذرائع ابلاغ سے بھی اپیل کی کہ مسئلہ فلسطین کو بنیادی ترجیحات میں شامل کیا جائے اور اس عنوان سے خصوصی نشریات کا آغاز کیا جائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .