ہفتہ 8 نومبر 2025 - 01:25
تسبیحِ جنابِ سیدہ سلام الله علیہا، مؤمنین کے لیے ایک عظیم روحانی خزانہ: امام جمعہ سکردو

حوزہ/علامہ شیخ محمد حسن سروری نے مرکزی جامع مسجد سکردو بلتستان پاکستان میں نمازِ جمعہ کے خطبوں میں نمازیوں کو تقوائے الٰہی اختیار کرنے کی نصیحت اور ایام فاطمیہ کی مناسبت سے تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنابِ حضرتِ فاطمہ زہراء (س) کی تسبیح، مؤمنین کے لیے ایک عظیم روحانی خزانہ ہے، لہٰذا اس عظیم عبادت سے غافل نہ ہوں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، علامہ شیخ محمد حسن سروری نے مرکزی جامع مسجد سکردو بلتستان پاکستان میں نمازِ جمعہ کے خطبوں میں نمازیوں کو تقوائے الٰہی اختیار کرنے کی نصیحت اور ایام فاطمیہ کی مناسبت سے تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنابِ حضرتِ فاطمہ زہراء (س) کی تسبیح، مؤمنین کے لیے ایک عظیم روحانی خزانہ ہے، لہٰذا اس عظیم عبادت سے غافل نہ ہوں۔

انہوں نے ایامِ فاطمیہ کی یاد اور اس کی روحانیت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایامِ فاطمیہ کا آغاز 13 جمادی الاوّل سے ہوتا ہے اور 3 جمادی الثانی تک دنیا بھر میں جیسے ایران، عراق، لبنان، پاکستان اور دیگر مقامات پر محبانِ اہل بیت علیہم السلام، جناب سیدہ سلام اللہ علیہا پر ڈھائے گئے مظالم کو یاد کرتے ہیں۔ یہ ایک نہایت بابرکت سنت ہے کہ امت، سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا کے فضائل اور مصائب کو یاد کرتی ہے۔

نائب امام جمعہ سکردو نے جنابِ سیدہ سلام اللہ علیہا کی معرفت حاصل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جنابِ سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کی فضیلت و منزلت کی معرفت حاصل کرنے کی زیادہ سے زیادہ کوشش کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جنابِ سیدہ سلام اللہ کی سیرت، کردار، علم اور قربانیوں سے صحیح معنوں میں آگہی حاصل کرنا مؤمنین پر ضروری ہے۔

علامہ شیخ محمد حسن سروری نے تسبیحِ زہراء سلام اللہ علیہا کی روحانی تاثیر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جنابِ زہرا سلام اللہ علیہا کی تسبیح مؤمنین کے لیے ایک عظیم روحانی خزانہ ہے؛ اگر کسی بھی جائز حاجت کے لیے تسبیحِ زہراء کو خلوصِ نیت سے پڑھا جائے تو خداوند متعال اس حاجت کو ضرور پورا فرماتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha