۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
شورای همبستگی ملی پاکستان:

حوزہ/دینی جماعتوں پر مشتمل ملی یکجہتی کونسل کے نام رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے شہدائے مقاومت کی شہادت پر تعزیتی خط کے جواب میں شکریہ کا خط لکھا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دینی جماعتوں پر مشتمل ملی یکجہتی کونسل کے نام رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے شہدائے مقاومت کی شہادت پر تعزیتی خط کے جواب میں شکریہ کا خط لکھا ہے۔ مکتوب کا ترجمہ حسب ذیل ہے:

ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے محترم اراکین اللہ آپ کی عزت میں اضافہ فرمائے
سلام علیکم
اسلام کے سرفراز کمانڈروں الحاج قاسم سلیمانی، ابو مہدی المہندس اور ان کے ساتھیوں کی مجرم امریکہ کے دہشت گردانہ حملے میں ہونے والی شہادت کی مناسبت سے آپ کا پیغام تعزیت رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیة اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای مدظلہ کی خدمت میں پہنچا، جس پر وہ شکر گزار ہیں۔ ان عالی مقام شہدا نے راہ خدا میں اپنے نیک کاموں اور جدوجہد کی جزا خوبصورت ترین ممکن صورت میں حاصل کرلی ہے اور وہ منفور ترین دشمنان اسلام کے ہاتھوں شہادت کے بلند درجے تک جا پہنچے ہیں۔ ان عزیزوں کی شہادت کی مناسبت سے ایران اسلامی میں ایرانی قوم اور اسلامی جمہوریہ ایران کے ذمہ داروں سے تعزیت اور ہمدردی کے اظہار کے لیے آپ کی ایران اسلامی میں قابل قدر موجودگی لائق تکریم و تحسین ہے۔ میں آپ کے لیے اللہ تعالیٰ سے مسلمانوں کی صفوں میں وحدت کو مستحکم کرنے کے لیے مزید کامیابی کی دعا کرتا ہوں، نیز عظیم اسلامی امت اور خاص طور پر پاکستان کی مسلمان ملت کی دائمی خوشحالی اور عزت کی دعا کرتا ہوں۔

محسن قمی
جاری کردہ حافظ شاہد احمد(آفس سیکرٹری)
سیکرٹریٹ ملی یکجہتی کونسل پاکستان۔مکان 266، سٹریٹ 37، جی نائن ون، اسلام آباد۔ فون: 051-2376360

واضح رہے کہ کونسل نے شہید قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر تعزیت پیش کی تھی۔ ملی یکجہتی کونسل کے ایک وفد نے 21 جنوری سے 22جنوری 2020ء تک اسلامی جمہوریہ ایران کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وفد نے دیگر علما اور حکومتی ذمہ داروں سے ملاقات کے علاوہ ایران کے سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای مدظلہ کے دفتر کے انچارج آیة اللہ محسن قمی سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں وفد کے اراکین نے رہبر معظم کی خدمت میں ایک مکتوب اپنے دستخطوں کے ساتھ ان کی خدمت میں پیش کیا۔ جس میں القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی، عراق کی پاپولر فورس کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی مہندس اور ان کے ساتھیوں کی امریکی بمباری کے نتیجے میں شہادت پر تعزیت پیش کی گئی تھی۔ اس خط میں ملی یکجہتی کونسل کی اتحاد امت کے لیے مساعی کا بھی تذکرہ تھا۔

یاد رہے کہ مذکورہ وفد کی سربراہی کونسل کے سیکرٹری جنرل جناب لیاقت بلوچ کررہے تھے۔ وفد کے دیگر اراکین میں سید ثاقب اکبر ڈپٹی جنرل سیکرٹری ملی یکجہتی کونسل، اسلامی تحریک کے سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی، جمعیت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل پیر محمد صفدر شاہ گیلانی، مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی، ہدیة الہادی پاکستان کے نائب رہبر رضیت باللہ، متحدہ جمعیت اہل حدیث کے چیف آرگنائزر علامہ مقصود احمد سلفی اور جمیعت علمائے اسلام سینئر کے رہنما طاہر حبیب نقشبندی شامل تھے۔ ملی یکجہتی کونسل کے اراکین کے نام مذکورہ مکتوب کا جواب موصول ہوا ہے، جو رہبر معظم کے انچارج آیة اللہ محسن قمی نے تحریر کیا ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .