حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدر شیعہ علماء کونسل آسٹریلیا اور امام جمعہ ملبرن حجۃ الاسلام و المسلمین سید ابو القاسم رضوی نے تہران میں حماس کے سربراہ شہید اسماعیل ھنیہ پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا: اسماعیل ہنیہ صیہونیوں کے مقابل چٹان تھے، انہوں نے کس طرح بے سر و سامانی کے بعد دنیا کے سب سے طاقتور اور جدید اسلحوں سے لیس حکومت کا مقابلہ کیا اسے آنے والی نسلیں یاد کریں گی۔
انہوں نے کہا: اسماعیل ہنیہ قبلہ اول کی آزادی کی جنگ لڑتے ہوئے شہید ہوئے ہیں، خون ضرور رنگ لائے گا اور رہبر معظم نے جو فرمایا تھا عنقریب ہم بیت المقدس میں نماز پڑھیں گے وہ وقت آن پہنچا ہے، بزدل اسرائیلیوں نے اسماعیل ہنیہ کے بیٹوں اور پوتے کو شہید کیا مگر پائے استقامت میں لغزش نہیں آئی، آج وہ خود بھی شہید ہو گئے بزدل اسرائیل نے اسماعیل ہنیہ کو شہید نہیں کیا ہے بلکہ دہشت گردوں نے خودکشی کی ہے۔