اتوار 29 دسمبر 2024 - 17:22
ایران پوری طاقت اور قدرت سے مزاحمتی محاذ کی حمایت جاری رکھے گا، ڈاکٹر عباس عراقچی

حوزہ/ڈاکٹر عباس عراقچی نے اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے عہدیداروں اور سیاسی رہنماؤں کی 14ویں قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پوری طاقت اور قدرت سے مزاحمتی محاذ کی حمایت جاری رکھے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر سید عباس عراقچی نے مسلح افواج کے عہدیداروں اور سیاسی رہنماؤں کی 14ویں قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام نے طوفان الاقصیٰ کے آغاز سے ہی فلسطینیوں کی حمایت میں بے مثال کردار ادا کیا ہے، یہاں تک کہ جب یمنی خود امریکی و صیہونی شیطانی اتحاد کی شدید ترین بمباری کا سامنا کر رہے تھے، اس وقت بھی انہوں نے مقبوضہ سرزمین کے قلب کو اپنے دیسی ساختہ میزائلوں سے نشانہ بنایا۔

ڈاکٹر سید عباس عراقچی نے کہا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ یمن کے ان میزائلوں نے امریکہ و صیہونی اتحاد کے تمام اندازوں کو غلط ثابت کر دیا۔

انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ اسلامی جمہوریہ ایران پوری طاقت سے استقامتی محاذ کی حمایت جاری رکھے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ سفارت کاری اور میدان جنگ کو ایک دوسرے سے الگ نہیں کیا جا سکتا، بلکہ یہ دونوں محاذ ایک دوسرے کے بغیر نامکمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ "نہ" کہنا اور جبر تسلط کے مقابلے میں کھڑے ہونے کی آئیڈیالوجی نے انقلابِ اسلامی کی کامیابی کے بعد تقویت پکڑی۔

ڈاکٹر سید عباس عراقچی نے کہا کہ بے انصافی، مداخلت اور قبضے کے خلاف مقاومت ایک قدرتی نظریے کا مظہر ہے کہ جو بین الاقوامی قوانین پر مبنی ہے اور ایک انسانی، اخلاقی و فطری امر ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرِ خارجہ نے کہا کہ طاقت کے بغیر سفارت کاری بے اثر رہتی ہے؛ طاقت یا قدرت کی کئی اقسام ہیں، جن میں اقتصادی طاقت، ثقافتی طاقت اور نفیساتی طاقت اور قدرت وغیرہ شامل ہیں، جو ہمیشہ بیرونی پالیسیوں پر عمل درآمد کے لیے اپنا موثر کردار رکھتی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha