حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دفترِ تبلیغات اسلامی حوزہ علمیہ قم نے ٹرمپ کی شیعہ مرجعیت اور امت مسلمہ کے رہبر (امام خامنہ ای) کی شان میں گستاخی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا ہے۔
بیانیے کا متن مندرجہ ذیل ہے:
بِسْمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحْمنِ ٱلرَّحِیمِ
یُرِیدُونَ لِیُطْفِئُوا نُورَاللَّهِ بِأَفْوَاهِهِمْ وَاللَّهُ مُتِمُّ نُورِهِ وَلَوْکَرِهَ الْکَافِرُونَ. (سورۂ مبارکۂ صف، آیت 8)
امریکی جواری صدر نے عالم اسلام کی اعتقادی اور سیاسی بنیادوں کو کمزور کرنے کے ہدف سے اپنے بیہودہ، جاہلانہ اور دشمنی پر مبنی بیانات میں، مکتبِ تشیع کی عظیم اساس مرجعیت اور انقلابِ اسلامی کے حکیم رہبر حضرت آیت الله العظمیٰ امام خامنہ ای مدظلہ کی شان میں گستاخی کی ہے؛ لہٰذا دفترِ تبلیغات اسلامی حوزہ علمیہ قم اس کی شدید الفاظ میں مذمت کا اعلان کرتا ہے۔
یہ بیانات، ایک ایسے سیاسی اداکار کی ناتوانی اور بیچارگی کی گہرائی کی دلیل ہیں جو عالم اسلام کے طویل المدتی مفادات سے واقف نہیں ہے، لہٰذا وہ اسلامی بیداری کی لہر اور مکتبِ اہل بیت علیہم السّلام کی عظمت کے مقابلے میں لفاظی اور ہرزہ سرائی پر اتر آیا ہے۔ شیعہ مرجعیت، عالم تشیع کے فکری اور معنوی ستون ہے کہ جس کی بنیاد امامت و ہدایت الٰہی کے عہد سے جڑی ہے۔ مرجعیت، مکتبِ فقہی اور اصولی کی میراث ہے جو کہ ہمیشہ سے ہدایت اور عالم استکبار سے مبارزے کا سر چشمہ رہی ہے۔ رہبر اور مرجعیت کی گستاخی، درحقیقت دنیا بھر میں کھربوں مسلمانوں کے احترام اور تعظیم کے حامل قرآن و عترت اور پورے اصول دین کی گستاخی ہے۔
حضرت آیت الله العظمیٰ امام خامنہ ای کی قیادت، ولایتِ فقیہ کی عملی بنیاد ہے؛ ایک ایسی بنیاد جو عالمی مادی طاقتوں کے خلاف امت مسلمہ کے استقلال اور عزت کی ضامن ہے۔ رہبرِ انقلابِ اسلامی، تحریکِ اسلامی کے علمبردار کے عنوان سے سازشوں کے خلاف ایک مضبوط قلعہ ہیں۔
دفترِ تبلیغات اسلامی حوزہ علمیہ قم واضح طور پر اعلان کرتا ہے کہ رہبر اور ولایتِ فقیہ کی شان میں، کسی قسم کی گستاخی انقلابِ اسلامی کے عظیم مقاصد اور ایمانی اقدار پر حملہ شمار کیا جائے گا۔ ہم مرجعیت دینی اور رہبرِ معظم انقلابِ اسلامی کی واضح حمایت کا اعلان کرتے ہوئے تمام پست فطرتوں سے کہتے ہیں کہ اس ہرزہ سرائی سے مسلمانوں کے ارادہ و وحدت میں کوئی خلل پیدا نہ ہوگا، بلکہ گزشتہ ادوار کی طرح لوگوں کا ولایت و مرجعیت سے رشتہ مزید مضبوط ہو جائے گا۔ عالم اسلام مکمل بصیرت کے ساتھ ان حقیر کوششوں کو ناکام اور حق کے محاذ کو باطل کے محاذ کے مقابلے میں طاقتور بنائے گا۔
والسّلام علی من اتبع الهدی
دفترِ تبلیغات اسلامی حوزہ علمیہ قم









آپ کا تبصرہ